خیبرپختونخوا کے 9اضلاع میں ہفتے میں 3 دن درس و تدریس کے احکامات

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے 9اضلاع کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نصف طلبہ کے ساتھ ہفتے میں تین دن درس و تدریس کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

 یہ حکم نامہ 15ستمبر تک نافذ العمل ہوگا ٗ ان اضلاع میں پشاور ٗ اؒیبٹ آباد ٗ ہری پور ٗ مانسہرہ ٗ ملاکنڈ ٗ دیر لوئر ٗ صوابی ٗ سوات اور چترال لوئر شامل ہیں۔

 محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں تین دن نصف طلبہ آئینگے جبکہ باقی نصف طلبہ باقی کے تین دن حاضری دینگے۔

صوبائی حکومت نے پالیسی پر 15ستمبر تک سختی سے عمل در آمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلا ؤسے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ سکتاہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ پاکستان میں بھی بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں۔