وزیراعلیٰ کا ہر ٹیوب ویل پر 2آپریٹرز تعینات کرنیکا فیصلہ

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں محکمہ آبنوشی کے تحت ٹیوب ویلز کو مزید منظم انداز میں چلانے کے لئے ہر ٹیوب ویل پر ایک کی بجائے دو آپریٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ عوام کو پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہو سکے۔

 انہوں نے مردان ڈویژن میں بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے اُنہیں فعال بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام بلا تاخیر ان سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔

 وزیراعلیٰ نے نہروں پر واقع محکمہ زراعت کی زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے اور زمینیں واگزار کرانے کیلئے فوری کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور مساجد کی سولرائزیشن کے منصوبے کے حوالے سے دو دن کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولرائزیشن کے مکمل سسٹم کی تنصیب یقینی ہونی چاہیے اور ساتھ خراب شدہ آلات کی مرمت کا بھی طریقہ کار موجود ہونا چاہیے، جب حکومت وسائل خرچ کرتی ہے تو اُس کے نتائج بھی برآمد ہونے چاہئیں۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں مردان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور عوامی مسائل کے ازالے سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

 وزیر مملکت علی محمد خان، صوبائی کابینہ کے اراکین عاطف خان، شہرام ترکئی، عبد الکریم،ایم این اے مجاہد خان، مردان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر مردان کو پورے ڈویژن میں جرائم کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مردان اور صوابی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں محکمہ اوقاف کی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے موثر کاروائی کی جائے اور اراضی کی واگزاری کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔

 اُنہوں نے مردان میں محکمہ صحت کی جاری میگا سکیموں اور پبلک پارک کے قیام کے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ سکیمیں بروقت مکمل ہونی چاہئیں، بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے گرڈ سٹیشن چھوٹا لاہور کے قیام کا کام مکمل کرنے، مردان میں ٹرانسفارمرز کی مرمت کیلئے ورکشاپ کا مسئلہ جلد حل کرنے اور کنڈ پارک کی فزبیلٹی سٹڈی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 اُنہوں نے سپورٹس کمپلیکس تخت بھائی اور تخت بھائی بائی پاس کیلئے زمین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تخت بھائی اور مردان کے درمیان مجوزہ مقام پر ریسکیو1122 کا ایک نیا سٹیشن قائم کیاجا ئے گا۔

سابقہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق مردان ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ مردان کی طرف سے آٹھ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ دیہی مرکز صحت جھنڈا میں گائنی یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔