وزیراعلیٰ نے آسان انصاف مراکز کا افتتاح کردیا 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بدھ کے روز حیات آباد پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں اْنہوں نے " آسان انصاف مرکز" کا باضابطہ افتتاح کیا۔

 " آسان انصاف مراکز" پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت صوبائی دارلحکومت پشاور کے مزید چار تھانوں، یونیورسٹی ٹاؤن، فقیر آباد، بڈھ بیر اور چمکنی کو بھی " آسان انصاف مراکز" میں تبدیل کیا جائے گاجبکہ دوسرے مرحلے میں پشاور کے دیگر 12تھانوں کو بھی آسان انصاف مراکز میں تبدیل کیا جائے گا جس کے بعد پروگرام کوضم اضلاع سمیت پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔

 تھانوں کو آسان انصاف مراکز میں تبدیل کرنے کا مقصد روایتی تھانہ کلچر اور ماحول کو تبدیل کرنا، تھانوں میں آنے والے سائلین کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا، پولیس تک شہریوں کی رسائی کو آسان بنانا اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔

 آسان انصاف مراکزمیں جدید طرز کے رپورٹنگ روم، وزٹرز مینجمنٹ سسٹم، کیو مینجمنٹ سسٹم، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم قائم ہوں گے۔ اسی طرح ان مراکز میں ریکارڈ رکھنے، بہتر خدمات کی ترسیل اور موثر پولیسنگ کیلئے جدید سافٹ ویئر متعارف کرائے جائیں گے۔

 خواتین، خواجہ سراؤں، بچوں اور بزرگ شہریوں کیلئے الگ ڈیسک قائم ہوں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تھانے کی تمام سرگرمیوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے آسان انصاف مرکز کے مختلف شعبوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ 

صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمودجان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

وزیراعلیٰ نے روایتی تھانہ کلچر کو تبدیل کرکے اسے عوام دوست بنانے کیلئے پولیس حکام کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ صوبائی حکومت جدید عصری تقاضوں کے مطابق پولیس کو مستحکم بنارہی ہے، پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے اور تھانوں کے جملہ اْمور میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لارہی ہے۔

 اسلامیہ کالج کی انتظامیہ کے ساتھ ایک نشست میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلامیہ کالج نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی ایک عظیم مادر علمی ہے جس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بڑے نام پیدا کئے ہیں۔ اْنہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس مادر علمی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔