خیبرپختونخوا حکومت کا عشرہ رحمت اللعالمین ؐ عقیدت و احترام کیساتھ منانے کا اعلان

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے عشرہ رحمت اللعالمین ؐنہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا اعلان کردیا۔

پورے صوبے میں 13ربیع الاول تک خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور معاون خصوصی برائے حج، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے پیر کے روز پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا مقصد خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار کرنا ہے۔

اس عشرے کے دوران اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی حسن قرآت اور نعت خوانی کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

 صوبے کے تمام اضلاع میں اسوہ حسنہ اور نبی آخرالزمان کی تعلیمات پر روشنی ڈالنے کے لیے خصوصی تقاریب اور محافل کا اہتمام کیا جائے گا۔

کامران بنگش نے کہا کہ اس طرح کے مذہبی پروگراموں کے انعقاد سے نوجوان نسل کو اپنے دین کے متعلق اہم معلومات حاصل ہونگی جس سے نوجوانان اپنی زندگیوں کو بہتر طور سنوار سکیں گے۔

معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ریاست مدینہ کے وژن کو حقیقی صورت میں ڈھالنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

دنیا کے ہر فورم پر پیغمبر آخرالزمان کے لیے مسلمانان عالم کے جذبات کی ترجمانی بھی وزیراعظم عمدگی سے کرتے آئے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین کو پورے صوبے کی سطح پر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

 تمام متعلقہ محکمہ جات اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی ہاؤس میں سیرت النبی کانفرنس کا انعقادکیا جائے گاجس سے وزیراعظم پاکستان عمران خان بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ عشرے کے دوران نماز جمعہ کے خطبات میں سیرت النبی کے موضوع پر تمام مساجد میں خصوصی خطبات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی اہم اور نمایاں عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا جبکہ مختلف قرات,نعت خوانی اور تقاریر کے مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

 صوبے کے تمام جیلوں میں مقابلہ حسن قرات، نعت و تقاریر کا انعقاد ہو گا جبکہ اوقاف آڈیٹوریم پشاور میں صوبائی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک پوری دنیا کے لئے رحمت بن کر آئے ہیں اور ان کے اسوہ حسنہ کی پیروی میں کامیابی ہے۔

معاونین خصوصی نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا ک عید میلاد النبی کے حوالے سے ہونے والی مذہبی تقاریب کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کو یقینی بنائیں۔