نوشہرہ کے علاقے باباجی کلے،سعادت آباد، عظیم آباد اور خویشگی کے میرہ جات سمیت کئی علاقوں کی بجلی بارش کے دس دن گزرنے کے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی جس پر متاثرہ علاقوں کے عوام انتظامیہ و واپڈا کے روئیے سے سخت مایوس ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرہ میں دس دن پہلے شدید طوفانی بارش نے تباہی مچادی تھی جس سےنوشہرہ کے اکثریتی علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا تھا تاہم بارش کے چند دن بعد ہی کئی علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی لیکن باباجی کلے،سعادت آباد، عظیم آباد اور خویشگی کے میرہ جات سمیت کئی علاقوں کی بجلی بارش کے دس دن گزرنے کے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی جبکہ خویشگی فیڈر سمیت کئی فیڈر کی بجلی بھی عارضی طور پر بحال ہے جس پر متاثرہ علاقوں کے عوام انتظامیہ و واپڈا کے روئیے سے سخت مایوس ہو گئے۔
کئی علاقوں میں بجلی کے پول دس دن گزرنے کے باوجود بھی تاحال زمین پر پڑے ہوئے ہیں جبکہ کئی جگہوں پر متاثرہ علاقوں کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بجلی کے پول بحال کردئے ہیں۔
مزکورہ علاقوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں و مساجد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے کاروبار زندگی شدید متاثر جبکہ صحت و صفائی کے مسائل کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
متاثرہ علاقوں کے عوام شدید مشتعل ہیں اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کی بجلی فورا" بحال کی جائے بصورت دیگر متاثرہ عوام شدید احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔