خیبرپختونخوا، دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانیکا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے دسمبر کے مہینے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے حتمی تاریخ کیلئے صوبائی حکومت کو ایک ہفتہ کی مہلت دیدی ہے۔

جمعرات کے روز خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سیئنر افسران سمیت خیبر پختوا کے صوبائی وزیر خوراک محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈوکیٹ جنرل اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پیش ہوئے۔

 انہوں نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسلوں / نیبر ہوڈ کونسلوں کے لئے پہلے مرحلے کے انتخابات دسمبر 2021 میں کروانا چاہتی ہے۔

 جبکہ دوسرے مرحلے میں انتخابات مئی 2022 میں کروانا چاہتی ہے اور اس کے بعد تحصیل کونسلوں کے انتخابات کے لئے مشاورت کی جائے گی۔

 الیکشن کمیشن نے ان کی مذکورہ بالا تجویزسے اتفاق نہیں کیا البتہ الیکشن کمیشن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات دسمبر 2021 میں ہوں گے لیکن تحصیل کونسلوں کے انتخابا ت بھی ساتھ ہونگے تاکہ جن اضلاع میں الیکشن کاانعقاد ہو تو انکی تمام لوکل گورنمنٹس فنکشنل ہوں اور اس اقدام سے اخر اجات بھی کم ہوں گے۔

 مزید الیکشن کمیشن مارچ 2022 میں تمام مراحل کے انتخابات مکمل کرنا چاہتا ہے الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اس اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن پہلے مرحلہ کی تاریخ کا حکم جاری کریگا جس پر صوبائی حکومت نے ایک ہفتے کی مہلت مانگی جس پر کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیا ر ہے اور صوبائی حکومت دوسرے مرحلہ کی تفصیلات ایک ہفتے میں مہیا کرے۔