کم آمدنی والوں کو پٹرول پر سبسڈی دینےکا منصوبہ بنانے کی ہدایت

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی دینے کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے دوران مہنگائی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گورنررز‘ صوبائی وزراء اعلیٰ اور وفاقی وزرا ء نے بھی شرکت کی۔پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت بھی شریک ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی جبکہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

 اجلاس میں کم آمدن والے افراد کو پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دینے کی تجویز پر غور شروع کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان بنانے کی ہدایت کر دی۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور عوامی سواری کو سبسڈی ریٹ پر پٹرول دینے کا پلان اگلے اجلاس پیش کیا جائیگا، مہنگائی کم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کے زریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے،مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے،حکومت صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھا رہی ہے،ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا۔

بدھ کو وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کااجلاس ہوا‘معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران کو احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر بریفنگ دی گئی‘اجلاس کو احساس کے اہل گھرانوں کو اس پروگرام کے ذریعے مخصوص اشیاء پر کریانہ سٹور سے خریداری پر رعایت ملے گی۔وزیر اعظم نے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے،اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ ریلیف ملے گا۔

 وزیراعظم آنے والے دنوں میں بڑے پروگراموں کا اعلان کریں گے،وزیراعظم نے پارٹی لیڈر شپ کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیراعظم نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری کے لئے شہروں اور اضلاع میں شیڈول جاری کئے جائیں۔

 وزیراعظم نے متوسط طبقہ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، وزیراعظم نے احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی، خیبر پختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم میں حصہ دار بننے کو تیار ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ اور بلوچستان بھی اس سبسڈی سکیم میں حصہ دار بنیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے اجراء میں مسلسل تاخیر کے باعث سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نسبت 400 روپے زیادہ مہنگا ہے، ہم سندھ حکومت پر مسلسل زور دے رہے ہیں کہ گندم کی ریلیز کو بڑھایا جائے تاکہ سندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی ہو، اس سال گنے کی تاریخی پیداوار ہونے کی توقع ہے۔

 کاٹن کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد زیادہ ہے، آٹے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے، کرشنگ سیزن شروع ہوگا تو چینی کی قیمت مزید کم ہوگی۔