کراچی: ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 3 روپے 97 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے پیکیج اور خام تیل کی عالمی قیمت میں بتدریج کمی جیسے عوامل نے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کو مزید تگڑا کردیا۔
سعودی پیکیج کے بعد سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 3 روپے 97 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد ڈالر کی قدر مزید 36 پیسے کی کمی سے 171 روپے 29 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 60 پیسے کی کمی سے 172 روپے 20 پیسے پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ قرضوں کے اجراء کا معاہدہ طے پانے اور بعدازاں قرضوں کی قسط جاری ہونے کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں مزید نمایاں کمی کے امکانات ہیں۔