چینی غیر معیاری ہے تو کیا ہوا، مل تو رہی ہے، ترجمان وزارت خزانہ

وزارت خزانہ کے فوکل پرسن مزمل اسلم کا کہنا ہےکہ چینی مہنگی اور غیر معیاری ہے تو کیا ہوا موجود تو ہے ۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ  چینی جیسی بھی ہو 90 روپےکلو مل تو رہی ہے، حکومت کے پاس 22 روز کا چینی کا ذخیرہ موجود ہے۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 15 نومبر سے شوگرملیں چل جائیں گی، سندھ میں اب تک کوئی شوگرمل نہیں چلی، سندھ حکومت نہ کارخانے کھلوا رہی ہے نہ وفاق سے مدد مانگ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے بعد چینی 85 سے 90 روپے کلو ملےگی، لیکن سارا معاملہ ہی تو کرشنگ شروع ہونے کا ہے، قیمت کا فائدہ ہی کرشنگ شروع نہ کرنے کے سبب اٹھایا جارہا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت مل مالکان کے خلاف کاروائی کرتی ہے تو وہ کورٹ سے اسٹے لے لیتے ہیں۔