خیبرپختونخوا میں چینی کی سپلائی بڑھنے اور انتظامیہ کی چھاپہ مار کارروائیوں کے باعث چینی کی قیمت میں کمی آنے لگی۔ 50 کلو بوری کی قیمت میں 400 روپے کی کمی ہوگئی جس کے نتیجے میں قیمت 6900 سے 6500 روپے پر آگئی۔
تھوک میں چینی فی کلو 132 روپے میں فروخت ہونے لگی جبکہ پرچون چینی کی قیمت 135 سے 140 روپے تک ہے۔
ادھر پنجاب میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ تھوک مارکیٹ میں چینی کی 50 کلو بوری 7100 روپے کی ہوگئی اور پرچون سطح پر چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے سے تجاوز کرگئی۔
درآمدی باریک چینی کی خریداری نہ ہونے کے برابر ہے اور شہری مقامی موٹی چینی کی تلاش می مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن شوگر ملز نے چینی کی سپلائی کم کردی ہے۔
انتظامیہ کی چھاپہ مار کارروائیوں کے باعث شوگر ڈیلرز منظر سے غائب ہیں اور ٹیلی فون پر موٹی چینی بلیک میں فروخت کرنے لگے۔ چھاپوں کے خوف سے چھوٹے دکان داروں نے مقامی موٹی چینی رکھنی چھوڑ دی۔