بھری محفلوں میں اکیلا انسان

سردیاں اُداس ہوتی ہیں۔ یہ بات ہمیشہ سے ہی سنی تھی لیکن اِس بات کا یقین تب ہوا جب مجھے رات کو بیٹھے اپنے دن کے گزرنے کا خیال آیا کہ میرا ایک اور دن ایسے فارغ گزر گیا اور میں اس میں کچھ ایسا نہ کرسکی جو مجھے دنیا یا آخرت میں کوئی فائدہ دے۔ میں جیسے جیسے سوچتی گئی میری سوچ مجھے اُتنی گہرائی میں لے کر جاتی رہی۔ پھر مجھے اپنے اندر کے اکیلے پن کا احساس ہوا۔ میں نے دیکھا کہ میں جتنا بھی لوگوں کی محفلوں میں اُنکے بیچ و بیچ رہ لوں، ہوں تو میں اکیلی ہی۔ اِن سب محفلوں نے ایک نہ ایک دن ضرور ختم ہونا ہے۔ آپ ایک شخص کے بارے میں سوچیں جو مصروفیات اور لوگوں سے گھیرا ہوا ہے لیکن پھر بھی ہے وہ اُتنا ہی اکیلا جتنا میں اور آپ۔ ہم سب کے والدین ہم سے بہت پیار کرتے ہیں۔ ہم اُنہیں کے ساتھ رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ اللّٰہ ہم سب کو برکتوں والی لمبی عمر عطا کریں۔ آمین۔ لیکن ہم سب نے اس جہاں سے جانا ہے۔ نہ میں کسی کے ساتھ ہمیشہ رہوں گی نہ آپ کسی کے ساتھ۔ مجھے لگتا ہے کہ اب آپ کو بھی کچھ کچھ اندازہ ہوگیا ہوگا کہ انسان کتنا اکیلا ہے۔ میرا مقصد ہرگز آپکو اُداس کرنا نہیں بلکہ ایک حقیقت سے آگاہ کرنا ہے۔ ہاں جی! تو میں اپنے اکیلے پن کے بارے میں سوچ ہی رہی تھی تو مجھے موت کا خیال آیا۔ اور ایک ڈر سا لگا۔ پھر ذہن میں اپنی ایک استانی جی کی بات آئی کہ ”مسلمان تو موت سے نہیں ڈرتا، بلکہ وہ موت کے لیے تیاری کرتا ہے"۔ موت سے ڈرنے کا مطلب یہ ہوا کہ ہماری تیاری مکمل نہیں ہے۔ اب جو میں آپکو بات بتانے لگی ہوں وہ آپکو خوش کردیگی۔ اِن شاءاللہ۔ اب میں اپنے اکیلے پن کا حل ڈھونڈ ہی رہی تھی کہ خیال آیا کہ کیوں نا اسی ذات سے دوستی کرلی جائے جس کا ساتھ ہمیشہ رہے گا خواہ میں جیوں یا مروں۔ اب میں نے اپنے ذہن کو خاموش کرواتے ہوئے بولا کہ يَا حَيُّ يَا قَيُّوْمْ (اے زندہ، اے قائم رہنے والے!) کو ہی اپنا دوست بنالو۔ میں اب اِس ذات کے بارے میں سوچنے لگ گئی۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ اللّٰہ کو دوست بنا لینے کے بعد میں تنہا نہیں محسوس کروں گی۔ میں اُداس نہیں ہوا کروں گی۔ ہاں اگر اُداس ہو بھی گئی تو اللّٰہ ہے ناں وہ مجھے واپس خوش کردیگا۔ مجھے دُنیاوی سہاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ میری مانیں! اُس ذات کو دوست بنالیں کہ جس کو دوست بنانے کے بعد آپکو کسی اور دوست کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آپ اپنا موڈ ٹھیک کرنے کے لیے موسیقی کا انتخاب نہیں کریں گے (ویسے موسیقی انسان کو مزید اُداس کردیتی ہے).  مجھے یقین ہے کہ آپکو میرا یہ مشورہ ضرور پسند آیا ہوگا۔  میں آپکو ایک حیران کُن بات بتاؤں؟ میں نے جیسے ہی اللّٰہ کو دوست بنانے کا سوچا تو مجھے لگا کہ میں تو اکیلی ہوں ہی نہیں۔ آپ بھی اللّٰہ کو دوست بنالیں، آپ بھی اکیلے نہیں رہیں گے۔ میرا رب میرے ساتھ ہے۔ میری ہر پکار کو سُن بھی رہا ہے اور دیکھ بھی۔ اُس ذات سے بات کرتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ کوئی بہت ہی پکا دوست ہے جس سے میں بات کر رہی ہوں۔ اُس کے سپُرد جب کوئی معاملہ کرتی ہوں تو پھر سوچ آزاد ہوجاتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ میرا معاملہ اب محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اور یوں مجھے میرا سب سے اچھا اور ایسا دوست مل گیا جو میرے ساتھ ہے چاہے گرمیوں کے بڑے دن ہوں یا سردیوں کی بڑی راتیں۔  اللّٰہ ہم سب سے راضی ہو جائیں اور ہمیں اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوششیں کرنے والا بنائیں کیونکہ اُس کو راضی کرکے ہم مُفْلِحُوْنْ (فلاح پانے والے) میں سے ہوجائیں گے۔ اِن شاء اللّٰہ۔۔ (اریبہ کاشف)