کراچی:بینک دولت پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے صدر دفتر کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں آسان موبائل اکاؤنٹ کا افتتاح کیا۔
آسان موبائل اکاؤنٹ سے موبائل فون پر *2262# کوڈ ڈائل کرنے سے برانچ لیس بینکاری اکاؤنٹ کھولا جا سکے گا۔
بعد ازاں اکاؤنٹ ہولڈر کسی بھی برانچ لیس بینکاری ایجنٹ کے پاس جا کر اپنے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرا سکے گا/ گی، اور اس رقم کو موبائل فون کے ذریعے استعمال کر سکے گا/گی،آسان موبائل اکاؤنٹ ملک میں ڈیجیٹل مالی شمولیت کے فروغ کا مالی شمولیت کی قومی حکمتِ عملی کا ہدف حاصل کرنے کی غرض سے اسٹیٹ بینک کا ایک اقدام ہے۔
اس کے لیے کئی اداروں نے اہم معاونت کی جن میں پی ٹی اے، نادرا، برانچ لیس بینکاری فراہم کنندگان، سیلولر موبائل آپریٹرز اور ورچوئل ریمی ٹنس گیٹ وے (وی آر جی) شامل ہیں۔
موبائل بینکاری انٹر آپریبلٹی کے لیے ضوابط کے تحت وی آر جی کو اسٹیٹ بینک اور پی ٹی اے نے مشترکہ طور پر لائسنس دیا ہے۔
افتتاحی تقریب کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کی، اور اس سے ڈپٹی گورنر سیما کامل، چیئرمین پی ٹی اے میجر (ر) عامر عظیم باجوہ ہلالِ امتیاز (ملٹری)، چیئرمین نادرا محمد طارق ملک اور چیئرمین وی آر جی اکرام سہگل نے خطاب کیا۔
تقریب میں برانچ لیس بینکاری سہولت فراہم کرنے والے 13 اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
مفاہمت کی اِس یادداشت کا مقصد ان اداروں کے اِس عزم کو مستحکم کرنا ہے کہ وہ مالی شمولت کی قومی حکمتِ عملی کے وڑن کے مطابق مزید اختراعات کے لیے اپنا اشتراک جاری رکھتے ہوئے صارفین کو سہولتیں دیتے رہیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، ڈاکٹر رضا باقر نے اشتراک کرنے پر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جس کی بنا پرآسان موبائل اکاؤنٹ کا کامیاب آغاز ہو سکا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آسان موبائل اکاؤنٹ سے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں نمایاں اضافہ ہو گا اور انٹرنیٹ تک کم رسائی یا برانچ لیس بینکاری آؤٹ لیٹس/بینک برانچوں سے دوری پاکستانیوں کے لیے مالی خدمات تک رسائی میں رکاوٹ نہیں رہے گی۔
اب کسی بھی موبائل فون (اسمارٹ یا سادہ فیچر فون) سے یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرکے انٹرنیٹ کنکٹی وٹی کے بغیر کسی بھی موبائل نیٹ ورک کے ذریعے اکاؤنٹ کھولا جاسکتا ہے۔ برانچ لیس بینکاری خدمات فراہم کرنے والے فی الحال 13 میں سے کسی ایک کا ادارے کا انتخاب کرنے کا صارفین کو اختیار ہوگا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے یہ بات اجاگر کی کہ آسان موبائل اکاؤنٹ ملک میں ڈجیٹل رسائی اور رسمی مالی سہولتوں کا استعمال بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بایو میٹرک تصدیق شدہ موبائل صارفین کی تعداد 187 ملین سے زائد ہے جن کی ٹیلی ڈینسٹی تقریباً 85 فیصد ہے تاہم صرف 106 ملین تھری جی/ فور جی صارفین ہیں جن میں موبائل انٹرنیٹ کی رسائی 48 فیصد ہے۔
اس طرح ہمیں تقریباً 81 ملین موبائل فون صارفین کی ممکنہ مارکیٹ حاصل ہے جنہیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے اور وہ آسان موبائل اکاؤنٹ صارفین بن سکتے ہیں بشرطیکہ انہیں مناسب قیمت تجویز کی جائے۔
آسان موبائل اکاؤنٹ خاص طور پر پست آمدنی والے طبقوں کے لیے مددگار ہوگا، جن کے پاس نہ تو ڈجیٹل فون ہیں اور نہ ہی وہ انٹرنیٹ سے محرومی کے باعث موبائل بینکاری سے مستفید ہوسکتے ہیں کیونکہ مالی خدمات کے حصول کیلئے آسان موبائل اکاؤنٹ کا پراسس اتنا سادہ ہے جیسے ایک کوڈ ڈائل کرنا۔
مزید برآں آسان موبائل اکاؤنٹ پاکستانی خاتون صارفین کو مرکزی دھارے میں لانیکا بھی نہایت موزوں پلیٹ فارم ہوگا، کیونکہ انہیں نقل و حرکت، ثقافتی اور دستاویزی مسائل کی وجہ سے باضابطہ مالی خدمات کے حصول میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،آسان موبائل اکاؤنٹ کے آسان استعمال کی بدولت مزید 50 ملین پاکستانی بینکاری کے دائرے میں شامل ہو جائیں گے۔
یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے ”ڈجیٹل پاکستان“ کے جامع طرز فکر سے بھی مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت رسائی اور ارتباط (کنکٹی وٹی)، ڈجیٹل انفراسٹرکچر اور اختراع میں اضافہ کرنا ہے۔ اب حکومتِ پاکستان تخفیفِ غربت کے حوالے سے احساس پروگرام کے تحت 15 ملین استفادہ کنندگان میں رقم کی تقسیم میں اس طریقے کو استعمال کرسکتی ہے۔