ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور، پاکستان نے بابر کروز میزائل ون بی کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ بابر کروز میزائل ون بی کا تجربہ رینج میں اضافےکےحوالے سے تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے بابرکروز میزائل ون بی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، بابر کروز میزائل ون بی کا تجربہ رینج میں اضافےکےحوالے سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاریخی لمحات پر ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم زکی منج اور چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر نے تجربےکا مشاہدہ کیا، اس موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈلیفٹیننٹ جنرل محمدعلی اور دیگر موجود تھے۔
ڈی جی ایس پی ڈی نےکامیاب تجربےپر سائنسدانوں ،انجینئرزکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تجربےسے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید بہتری آئےگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں پاکستان نے بابر کروز میزائل ون اے کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بابر کروز میزائل 450 کلو میٹر تک کے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بابر کروز میزائل زمین اور سمندر پر اہداف کو کامیابی سے ٹارگٹ کرتا ہے۔