جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا میں پاکستانی سفارت خانے کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرکے اس پر پوسٹس شیئر کردی گئیں۔
ارجنٹینا میں پاکستانی سفارت خانے کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے قبل رواں ماہ 3 دسمبر کو یورپی ملک سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی ہیک کیے گئے تھے۔
ارجنٹینا میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر 21 دسمبر کو بتایا گیا کہ ایمبیسی کا آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا، جس کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا گیا۔
سفارتخانے نے بعد ازاں انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایمبیسی کا اکاؤنٹ ہیک کرکے اس پر کچھ پوسٹس کی گئی تھیں۔
سفارتخانے نے واضح نہیں کیا کہ ہیک کیے جانے کے بعد کس طرح کی پوسٹس کی گئی تھیں، تاہم بتایا گیا کہ ایک گھنٹے کے دوران ہیک ہونے والے اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹس یا وہاں سے دوسروں کو بھیجے گئے میسیجز کو پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے نہ سمجھا جائے۔
ارجنٹینا کے سفارتخانے کے انسٹاگرام ہیک ہونے سے متعلق وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ٹوئٹ کی گئی تھی۔