رپورٹس کے مطابق سام سنگ نے تین تہوں میں فولڈ ہونے والے اسمارٹ فون کی تیاری شروع کردی ہے، دلچسپ ٹرپل فولڈنگ فون کو کسی کاغذ کی طرح تہہ کرکے ایک عام جسامت کے فون میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فون میں تین الگ الگ اسکرین ہوں گے جو کھلنے پر ایک وسیع ڈسپلے ظاہر کریں گے۔ تاہم ایک حصہ اندر کی جانب اور دوسرا باہر کی جانب فولڈ ہوگا یعنی زیڈ کی شکل اختیار کرے گا۔
تہہ ہوجانے کے بعد اس کی جسامت عام فون کی طرح رہ جائے گی اور کھلنے پریہ ایک بڑا ٹیبلٹ بن جائے گا ۔ پیٹنٹ کے مطابق ایک مکمل ڈسپلے پشت پر بھی بنایا گیا ہے جبکہ ایچ ڈی ایم آئی کنیکٹر بھی موجود ہوگا۔ اسکرین کی پشت پر موجود ڈسپلے کی کوئی معلومات نہیں دی گئ ہے کہ یہ ڈسپلے محض علامتی ہوگا یا چوتھا اسکرین ہوگا جس پر سیلفیاں لینے میں مدد مل سکے۔
تاہم ڈیزائن کے مطابق چار ایم پی سیلفی کیمرہ اور ساتھ ہی فنگرپرنٹ سینسر کو بہت خفیہ انداز میں مرکزی اسکرین کے اندر چھپایا جائے گا۔
سام سنگ کے مطابق فولڈنگ فون میں اینٹینا اندر کی جانب ہوتا ہے جس سے کمیونکیشن کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور یہ اعتراف بہت معنی رکھتا ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود اب بھی سام سنگ فولڈ ہونے والے اسمارٹ فون کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سام سنگ کا ٹرپل فولڈنگ فون اگلے سال لانچ ہونے کا امکان ہے۔