بیجنگ:چین کا خلائی مشن چاند کے تاریک حصے پر اترنے والا دنیا کا پہلا مشن تھا جس نے 2019 کے آغاز میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس مشن کے یوٹو 2 نامی روور نے دسمبر 2020 میں چاند کے اس دور دراز حصے میں ایک پراسرار ہٹ یا گھرکی تصاویر کھینچی تھیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور متعدد افواہیں بھی پھیلیں۔
اب جاکر چینی روورنے اس کا راز جان لیا۔درحقیقت یہ ہٹ ایک چٹانی پتھر ہے جس کی نئی تصاویر اب اس روور نے ارسال کیں جس کے بعد یہ راز کھل گیا۔
کیوب ساخت کا یہ ہٹ ایک چھوٹی چٹان ہے جو ایک گڑھے کے کنارے پر موجود ہے۔پہلی تصویر میں بہت دور ہونے کی وجہ سے یہ چٹان زیادہ بڑی اور زیادہ پراسرار لگی تھی مگر اس کے قریب جانے پر روور اس کی حقیقت جاننے میں کامیاب ہوا۔
اس چٹان کی ساخت دیکھتے ہوئے اسے جیڈ ریبٹ کی عرفیت دی گئی ہے کیونکہ وہ کسی ایسے خرگوش کی طرح نظر آتی ہے جس کے سامنے کچھ گاجریں موجود ہوں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹو 2 روور کا ترجمہ جیڈ ریبٹ ہی بنتا ہے تو اس نے اپنا میسکوٹ چاند پر دریافت کرلیا ہے۔