خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ بیٹے سمیت نااہل

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کے لیے نااہل کردیا، ان کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہونے والی پولنگ کے دوران ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کیس میں الیکشن کمیشن نے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔

بکاخیل میں امن و امان کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شاہ محمد کو پولنگ کے دوران امن و امان کی خراب صورت حال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا اور ڈی نوٹیفائی کردیا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے بیٹے مامون رشید کو بھی انتخابات لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد بکاخیل پولنگ اسٹیشنز پر حملہ میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ بنوں کی تحصیل بکاخیل میں بلدیاتی انتخابات کی شام نامعلوم افراد نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو انتخابی مواد سمیت اغوا کرلیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وہاں الیکشن ملتوی کردیا تھا۔

انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر نے ڈان کو بتایا تھا کہ انتظامیہ نے اغوا شدہ عملے کو بازیاب کرا لیا تھا لیکن ای سی پی نے پولنگ ملتوی کردی۔

واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کے لیے ایک 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی تھی جسے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے بکاخیل میں پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کرنے کے کیس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کے علاوہ ان کے بھائی اور بیٹے کو بھی نوٹسز جاری کیے تھے۔