لاہور:اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اداکارہ میرا کی عتیق الرحمان کے نکاح نامے کو درست قرار دینے کے فیصلے کے خلاف جسٹس رسال حسن سید نے ادکارہ میرا کی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے عتیق الرحمن سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔
درخواست گزار کی طرف سے رانا اسد منیر ایڈووکیٹ پیش ہوئے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عتیق الرحمان نے جھوٹا نکاح نامہ اور تصاویر تیار کیں، عتیق الرحمن نے پبلسٹی اور بلیک میل کرنے کیلئے جھوٹا نکاح نامہ تیار کیا، اداکارہ کو ٹرائل عدالت میں اپنے گواہ پیش کرنے کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے عتیق الرحمن کے پیش کردہ نکاح نامے کی قانون کے مطابق تصدیق نہیں کی، اداکارہ کیخلاف اصل نکاح نامہ بھی ٹرائل عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عتیق الرحمن نے ٹرائل کورٹ میں نکاح نامہ سے متعلق کوئی مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ نکاح خواں نے بھی عتیق الرحمن کے نکاح نامے کو ثابت کرنے کی دستاویزات موجود نہ ہونے کا بیان دیا۔
فیملی عدالت نے نکاح نامہ کی سچائی کیلئے نکاح کی تصاویر پر زور دیا، اداکارہ میرا کی لاتعداد تصاویر آن لائن موجود ہیں جن کا غلط استعمال کیا جانا ممکن ہے، عدالت میں پیش کی گئی تصاویر کے کوئی نیگیٹوز یا ڈیجیٹل میڈیا پیش نہیں کیا۔عتیق الرحمن نے بلیک میل کرنے کیلئے ایڈیٹ کی گئی تصاویر عدالت میں پیش کیں۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فیملی عدالت نے مبینہ نکاح کے موقع کی تصاویر کی بنیاد پر تکذیب نکاح کا دعوی خارج کیا، والدین کو جان کے خطرے کے پیش نظر بطور گواہ عدالت میں پیش نہیں کر سکی لہٰذا تکذیب نکاح کیخلاف فیملی عدالت کی ڈگری اور سیشن عدالت کا حکم کالعدم کیا جائے اور عتیق الرحمن کے نکاح نامہ کو جھوٹا قرار دیا جائے۔
عدالت نے 14 مارچ کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔