پاکستان کے مایہ ناز گلوکار عاطف اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل حج پر نیمل خاور حمزہ عباسی کو میرے موبائل پر میسج کیا کرتی تھیں۔
عاطف اسلم، حمزہ علی عباسی اور نیمل کی ایک مختصر سی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جو ایک تقریب کی ہے، اس وائرل ویڈیو میں تینوں فنکاروں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں عاطف اسلم نے کہا کہ حمزہ علی عباسی میرے حاجی بھائی ہیں، ہم نے حج ایک ساتھ کیا تھا اور مجھے یاد ہے کہ حج کے دوران حمزہ کے پاس موبائل نہیں تھا، حمزہ نے نیمل کو کہا عاطف کے فون پر میسج کرو، نیمل نے میسج کیا تو حمزہ میرا موبائل لے کر بیٹھ گئے اور یہ دونوں باتیں کرتے رہے۔
گلوکار نے کہا کہ حج کے دوران ہی ان دونوں نے فیصلہ کیا کہ شادی کب ہوگی، کہاں ہوگی، حمزہ نے میرے موبائل پر ہی نیمل سے شادی کے معاملات پر بات کی تھی۔
عاطف اسلم کے مطابق نیمل نے حمزہ سے بال نہ کٹوانے کا بھی کہا تھا۔
اس دوران ہنستے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ عاطف اسلم میرے حاجی بھائی ہیں، حج میں عاطف میرے ساتھ تھے اور انہوں ہی نے مجھے صابن دیا تھا، میرے پاس ٹوتھ برش اور چپل بھی نہیں تھی، عاطف ہی نے مجھے یہ سب چیزیں دی تھیں، انہوں نے حج پر میری کافی مدد کی۔