مائیک ٹائسن نے جیک پال سے شکست کے بعد 13 ملین ڈالر کا محل خرید لیا

سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن نے اپنی باکسنگ کیریئر کے بعد نئی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے فلوریڈا کے شہر ڈیلرے بیچ میں 13 ملین ڈالر کی شاندار جائیداد خریدی، جس نے ان کے مداحوں کو حیران کن طور پر متاثر کیا۔

یہ خریداری جیک پال کے خلاف ان کے آخری باکسنگ میچ کے دو ماہ بعد ہوئی، جو 15 نومبر کو نیٹ فلکس پر براہ راست نشر کیا گیا تھا اور 80 ہزار افراد نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر اور 60 ملین نے آن لائن اس کا لطف اٹھایا۔

اگرچہ مائیک ٹائسن کو جیک پال کے خلاف متفقہ فیصلے میں شکست ہوئی، لیکن انہوں نے اس مقابلے کو اپنی ذاتی کامیابی قرار دیا۔ ٹائسن نے سوشل میڈیا پر کہا، "یہ وہ لمحے تھے جب آپ شکست کے باوجود جیت جاتے ہیں۔ میں نے اپنی صحت کے مسائل پر قابو پایا اور اپنے بچوں کے سامنے ایک نوجوان فائٹر کے ساتھ مقابلہ کیا، جو میری سب سے بڑی کامیابی ہے۔"

یہ 12,000 مربع فٹ پر پھیلی جائیداد 8 جنوری کو خریدی گئی، جس میں چھ بیڈرومز، نو باتھرومز، ایک نجی جھیل، 80 فٹ کا سوئمنگ پول، سپا، مکمل جم، چار کاروں کے لیے گیراج اور وسیع اراضی شامل ہے، جو مکمل طور پر نجی ماحول فراہم کرتی ہے۔ ٹائسن کی بیوی لاکِیہ "کی کی" ٹائسن بھی پراپرٹی کے دستاویزات میں شامل ہیں، جو ان کی دیرینہ شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔

جیک پال کے ساتھ مائیک ٹائسن کا یہ آخری میچ نہ صرف ان کے کیریئر کا اختتام تھا، بلکہ نیٹ فلکس پر براہ راست نشر ہونے والا پہلا بڑا باکسنگ ایونٹ بھی تھا، جس سے ٹائسن نے 20 ملین ڈالر کی کمائی کی۔