عالیہ بھٹ نے کمال کردکھایا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر کمال کردیا۔

بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر زبردست کمائی کی ہے۔

فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے گنگو بائی کا مرکزی کردار ادا کیا ہے اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس فلم نے عالیہ بھٹ کی کووڈ سے قبل ریلیز ہونے والی فلم ’’راضی‘‘ کا بھی ریکارڈ توڑد یا۔

فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ گزشتہ روز یعنی جمعہ کو ریلیز کی گئی تھی۔ بالی ووڈ کے معروف فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کی پہلے روز کی کمائی کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر 10 کروڑ 50 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔

یاد رہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بھارت میں سینما بند تھے۔ تاہم اب آہستہ آہستہ وہاں زندگی معمول پر آنے لگی ہے اور تھیٹر بھی کھل رہے ہیں۔ لیکن اب بھی لوگ سینما جانے میں احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔

لہذا فلم کی ریلیز سے قبل لوگوں کا خیال تھا کہ عالیہ بھٹ کی فلم باکس آفس پر زیادہ کمال نہیں دکھاسکے گی اور توقع کی جارہی تھی فلم ریلیز کے پہلے روز صرف 6 یا 7 کروڑ کا بزنس کرسکے گی۔ لیکن فلم نے ساڑھے دس کروڑ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ نے عالیہ بھٹ کی کووڈ 19 سے قبل ریلیز ہونے والی فلم ’’راضی‘‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز 7 کروڑ 53 لاکھ روپے کمائے تھے۔

تجزیہ نگار ترن آدرش نے کووڈ 19 کے بعد تھیٹر میں ریلیز ہونے والی مزید فلموں کی پہلے دن کی کمائی کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اکشے کمار کی فلم ’’سوریا ونشی‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز 26 کروڑ 29 لاکھ روپے کا بزنس کیا تھا۔

رنویر سنگھ کی فلم ’’83‘‘ نے پہلے روز 12 کروڑ 64 لاکھ کمائے تھے اور ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز 10 کروڑ 50 لاکھ کا بزنس کیا ہے اس طرح عالیہ بھٹ کی فلم کورونا وبا کے ٹائم میں بہترین بزنس کرنے والی ٹاپ 3 فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے گنگو بائی کامرکزی کردار ادا کیا ہے جو کہ 1960 کی دہائی کے دوران ممبئی کے ریڈ لائٹ ایریا کماٹھی پورہ کی سب سے زیادہ طاقتور خواتین میں سے ایک تھی۔