واشنگٹن:دنیا کی مقبول ترین ریئلٹی ٹی وی اسٹار 41 سالہ کم کارڈیشین نے امریکی عدالت سے درخواست کی ہے کہ اگر ان کے سابق شوہر انہیں طلاق دینے کے لیے بھی رضامند نہیں تو بھی انہیں غیر شادی شدہ قرار دیا جائے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کم کارڈیشین نے گزشتہ برس فروری میں اپنے تیسرے شوہر 44 سالہ ریپر کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے لاس اینجلس کی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
ان کی جانب سے دائرہ کردہ طلاق کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اب انہوں نے مذکورہ عدالت میں ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں غیر شادی شدہ قرار دیا جائے۔
کم کارڈیشین کی جانب سے دائرہ کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی شادی کی قانونی حیثیت ختم کردی جائے۔
اداکارہ و ٹی وی اسٹار نے اپنی درخواست میں لکھا کہ انہوں نے کانیے ویسٹ کو اپیل کی تھی کہ وہ طلاق کے معاملات کو خفیہ رکھیں اور شادی کو ختم کرکے آگے بڑھیں مگر وہ اپنی ضد پر قائم ہیں۔
اداکارہ کی درخواست کے مطابق کانیے ویسٹ انہیں طلاق دینے کو تیار نہیں اور نہ ہی معاملات کو خفیہ رکھ رہے ہیں بلکہ شادی، تعلقات اور بچوں سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں۔