کچا بادام کے گلوکار کار حادثے میں زخمی

ممبئی: حال ہی میں ’کچا بادام‘ گانے سے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے بھارتی گلوکار بھوبن بڈیاکر کار حادثے کا شکار ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال میں مونگ پھلیاں بیچنے والے سے راتوں رات مشہور ہونے والے گلوکار بھوبن بڈیاکر کا پیر کے روز ایکسیڈنٹ ہوگیا۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھوبن اپنی سیکنڈ ہینڈ کار چلانا سیکھ رہے تھے جسے انہوں نے حال ہی میں خریدا تھا۔

حادثے میں بھوبن کو سینے پر چوٹ لگی جس کے بعد انہیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بھوبن اس وقت مغربی بنگال کے سوری سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں داخل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے گاؤں کرلجوری کے رہائشی اور مونگ پھلیاں بیچنے والے بھوبن بڈیاکر کو اس وقت شہرت ملی جب ان کا گانا ’کچا بادام‘ راتوں رات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

یہ گانا ’اک تارا‘ نامی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا گیا تھا جس میں بھوبن کو گانا گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ گانا اپ لوڈ کرنے کے دو ماہ کے اندر ویڈیو پر 21 ملین سے زائد ویوز آچکے ہیں۔