سلمان خان نے سونا کشی کیساتھ شادی کرلی؟

ممبئی: بھارتی میڈیا میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور اداکارہ سوناکشی سنہا کی خفیہ شادی کی خبریں وائرل ہورہی ہیں جنہوں نے سلو میاں کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کبھی اپنی فلموں اور کبھی شادی نہ کرنے کی خبروں کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔ تاہم اس بار ’’بھائی جان‘‘ کی خفیہ شادی کی خبر نے مداحوں کو شدید حیرت میں مبتلا کردیاہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر سلمان خان اور دبنگ گرل سوناکشی سنہا کی شادی کی تصویر وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں دونوں دلہا دلہن بنے ایک دوسرے کو شادی کی انگوٹھی پہنارہے ہیں۔

سلو میاں اور سوناکشی کی یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگ سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں کرنے لگے کہ سلو میاں اور سوناکشی سنہا نے خفیہ شادی کرلی ہے۔ تاہم کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ہم آپ کو اس خفیہ شادی کی  حقیقت بتاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا سلومیاں کی خفیہ شادی کے حوالے سے کہنا ہے کہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی یہ تصویر جعلی ہے اور اسے فوٹوشاپ پر ایڈیٹ کرکے جان بوجھ کر وائرل کیا گیا ہے۔ لہذا سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی خفیہ شادی محض ایک افواہ ہے اور کچھ نہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب  کسی اداکار کی تصویر ایڈیٹنگ سافٹ ویئر پر ایڈٹ کرکے اس کی خفیہ شادی کی افواہیں پھیلائی گئی ہوں۔

کچھ ماہ قبل مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اور اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کی تصویر بھی ایڈٹ کر کے دونوں کی خفیہ تیسری شادی کی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔