صوبہ بھر میں اشیاء خوردونوش کے معیار کی جانچ کیلئے جدید موبائل لیبز کا قیام

خیبر پختونخوا کی 7 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کردی گئیں،جدید لیب کے ذرئعے اب ہر شہر، گلی، محلے میں منٹوں میں ہی اشیائے خوردونوش کا معیار چیک کیا جا سکے گا اور اب موقع پر ہی رزلٹ کے بعد غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جاسکے گی۔

ذرائع کے مطابق  پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں عوام کو معیاری اشیائےخوردونوش کی فراہمی کے لیے جدید موبائل لیبارٹری نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

موبائل لیبارٹری کے زریعے پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع میں دودھ، گوشت، بناسپتی گھی، خوردنی تیل، مصالحہ جات اور دیگر اشیاء خوردونوش کے معیار کی جانچ کی جاسکے گی۔

کمشنر پشاور ڈویژن کو  حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی جانب سے  کمشنر آفس پشاور میں  اس حوالے خصوصی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر پشاور ڈویژن کو بتایا گیا کہ جدید لیب کے ذریعے دس منٹ کے اندر اشیائے خوردونوش کا معیار چیک کیا جا سکے گا اور موقع پر ہی رزلٹ کے بعد غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی میں مدد مل سکے گی۔

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے موبائل لیب کے ذریعے سے خوردونوش کی چیکنگ کو زبردست انقلابی پیش رفت قرار دیتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں چیکنگ شروع کرنے اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے.