پشاور دھماکہ کے شہداء کی تعداد 62 ہوگئی

پشاور: کوچہ رسالدار دھماکے کے مزید کئی زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 62 ہوگئی،شہر کی فضا سوگوار،جبکہ شہدا کی نماز جنازہ  و تدفین کا سلسلہ بھی جاری  ہے۔

ذرائع کے مطابق ایل آر ایچ کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں لائے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، دھماکے کے مزید پانچ زخمی دم توڑ گئے ہیں اور شہدا کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے۔

شہر  کی فضا سوگوار ہے اور جاں  بحق ہونے والوں کی نماز جناز ہ و تدفین کا سلسلہ بھی جاری  ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نےمسجد کا محاصرہ کررکھا ہے اور اس میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں۔

دوسری جانب جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ تھانہ خان رزاق کے ایس ایچ او وارث خان کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس میں حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی اور  پھر مسجد کے اندر جاکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔