پشاور:شوگر کے مریضوں کے لئے باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں آگاہی پروگرام کا انعقاد،آگاہی ورکشاپ کا انعقاد پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے تعاون سے کیا گیا۔
ماہرین امراض شوگر کے مطابق پاکستان میں ہر پانچواں شخص شوگر کے مرض میں مبتلا ہے، آگاہی نہ ہونے کے باعث شوگر کے مریضوں میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے زائد ہوچکی ہے، آبادی کے تناسب سے ملک میں ہر پانچواں شخص شوگر کے مرض میں مبتلا ہے۔
تدریسی ہسپتال باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے تعاون سے گجو خان میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا،۔
ورکشاپ میں بورڈ آف گورنرز کے ممبرز ڈاکٹر ارشد حسین، ڈین اینڈ چیف ایگزیکٹو گجو خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمن، میڈیکل ڈائیریکٹر بی کے ایم سی ڈاکٹر شاہد نثار اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
آگاہی ورکشاپ سے سوسائٹی کے ماہرین نے شوگر کے حوالے سے بتایا کہ ذیابطیس سے آگاہی سیشن کا مقصد شوگر کے مریضوں میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا تھا، روزمرہ زندگی اور خصوصاً رمضان المبارک میں مریض اپنے شوگر لیول اور خوراک کا خصوصی خیال رکھیں۔ماہرین نے بتایا کہ رمضان میں بسیار خوری سے پرہیز کیا جائے۔
پاکستان اینڈو کرائن سوسائٹی نے اس حوالے سے ایک کتابچہ بھی شائع کیا ہے جسکی مدد سے رمضان کے ایام میں شوگر کے مریض خوراک کو ترتیب دے سکتے ہیں۔
پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے ماہرین شوگر کے مرض پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں آگاہی سیشن کا اہتمام کررہے ہیں۔