خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کی قرارداد منظور 

پشاور:خیبر پختونخوا اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کی قرارداد منظور کرلی، قرارداد صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پیش کی، جس میں ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ کورونا وبا نے دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کو بحران کا شکار کیا تاہم وزیراعظم کے مدبرانہ کردار نے ملک کو بحران سے بچایا اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا یہ ایوان وزیراعظم کی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور یہ اسمبلی وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔

اس موقع پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور حکومت مخالف نعرے لگائے تاہم اپوزیشن کے شور شرابے کو پس پشت ڈالتے ہوئے قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔