خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے کا پورا حق حاصل ہے ۔ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے منع کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خواتین بلا خوف وخطر ووٹ ڈالنے آئیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ کنٹرول روم مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا۔
بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر،سیکریٹری الیکشن کمیشن اوراسپشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ پولنگ پر امن طور پر جاری ہے۔ابھی تک کنٹرول روم میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنرکا کہنا ہے کہ عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورخلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔