وزیراعلیٰ نے فوڈ کارڈ پروگرام کی اصولی منظوری دیدی 

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر اگلے بجٹ میں فوڈ کارڈ پروگرام کے اجراء کا اْصولی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے حکام کو نئے مالی سال کے بجٹ تک اس مجوزہ فوڈ کارڈ پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

 مجوزہ فوڈ کارڈ پروگرام کے تحت صوبے کے مستحق خاندانوں کو آٹے کی بالکل مفت فراہمی یا چار بنیادی اشیائے خوردونوش کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کی تجویز ہے۔

 اس پروگرام کے تحت صوبے کے 10 لاکھ سے زائد خاندان اور 50 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔یہ فیصلہ اْنہوں نے جمعرات کے روز محکمہ خوراک کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری خزانہ اکرام خان اور سیکرٹری خوراک مشتاق احمد کے علاوہ محکمہ خوراک کے دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو مجوزہ فوڈ کارڈ پروگرام کے ابتدائی خدو خال، مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن، تخمینہ لاگت، پروگرام پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور دیگر مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں اس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو اشیائے خوردونوش کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کے سلسلے میں مختلف تجاویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں دو یا تین قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔

 اْنہوں نے محکمہ خوراک کے حکام کو مزید ہدایت کی کہ مجوزہ پروگرام میں شامل کرنے کیلئے صوبے کے مستحق خاندانوں کا تازہ ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے احساس پروگرام کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اْن مستحق خاندانوں کی فہرست کو بھی بروقت حتمی شکل دی جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اْنہیں موجودہ مہنگائی میں عام آدمی کو درپیش مشکلات کا بھر پور احساس ہے، موجودہ حکومت عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اْٹھارہی ہے اور صوبائی حکومت اگلے مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے مستحق خاندانوں کو خاطر خواہ ریلیف کی فراہمی کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کررہی ہے،اس مقصد کیلئے تمام دستیاب مالی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 اْنہوں نے مزید کہاکہ اگلے مالی سال کا بجٹ صحیح معنوں میں ایک عوام دوست بجٹ ہو گا جس میں عام آدمی کو بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔