پشاور:خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں پیر کی شام سے بارش کا سلسلہ تیز ہواؤں کیساتھ شروع ہو گا جو جمعرات تک جاری رہے گا۔
متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں پیر کی شام سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔
تر جمان پی ڈی ایم اے شریف حسین نے کہا کہ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، تورغر، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام بونیر،مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ تیز آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے اور الرٹ رہنے کی ہدایات کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں اور ہو اؤں کا یہ سلسلہ جمعرات کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔