پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تاریخی مسجد مہابت خان کی اپنی اصلی حالت میں بحالی کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اورا س منصوبے کی تکمیل کیلئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائن مقرر کرکے اس ٹائم لائن کے مطابق بحالی کے کاموں کی تکمیل کیلئے مناسب اقدامات اْٹھائے جائیں۔
مذکورہ مسجد کی بحالی کے کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ اراکین اوردیگر متعلقہ حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے کر ہدایت کی ہے کہ کمیٹی کام پرتیزی کے حوالے سے انہیں باقاعدگی سے ماہانہ رپورٹ پیش کرے۔
کمیٹی صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی، ظہور شاکر، بیرسٹر محمد علی سیف اور سیکرٹری اوقاف پر مشتمل ہے۔
وہ منگل کے روز تاریخی مسجد مہابت خان کی اپنی اصلی حالت میں بحالی کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
اْنہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ مسجد سے ملحقہ محکمہ اوقاف کی جائیدادوں پر غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے بھی ٹھو س اور نتیجہ خیز اقدامات اْٹھائے جائیں تاکہ اس مسجد کی عمارت کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
صوبائی اراکین کابینہ شوکت یوسفزئی، ظہور شاکر، بیرسٹر محمد علی سیف، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری اوقاف ثاقب رضا اسلم، سیکرٹری آرکیالوجی عامر ترین نے شرکت کی۔صوبائی چیف خطیب مولانا طیب قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
تاریخی مسجد مہابت خان کو ایک قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اس مسجد کو اپنی اصلی حالت میں بحال کرنے اور اسے ہر قسم کی تجاوزات سے خالی کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مذکورہ مسجد کی عمارت کو اپنی اصلی حالت میں بحالی کے ساتھ ساتھ مسجد کے اندر یوٹیلیٹی کنکشن کے نظام کو ٹھیک کرنے اور دیگر کاموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں منصوبے کے پی سی ون کوریوائرز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چارسدہ روڈ پشاور پر واقع عیدہ گاہ کی بحالی ومرمت سے متعلق اْمور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عیدگاہ کی بحالی و تزئین و آرائش اور دیگر تعمیراتی کاموں کیلئے محکمہ آثار قدیمہ کی مشاورت سے ایک پی سی ون تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مذکورہ بالا کمیٹی کو عید گاہ کا دورہ کر کے اس کی بحالی کے سلسلے میں ایک جامع اور قابل عمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔