سماعت سے محروم افراد کے لئے نیا آلہ

سلووینیا: اس جدید عینک کا نام وائسی ہے جو بولے جانے والے الفاظ کو شیشے پر ظاہر کرتی ہے اور یوں دنیا بھر کی زبانوں کے الفاظ کیپشن کی صورت دیکھے جاسکتے ہیں۔

سلووینا کی ایک کمپنی کی جانب سے اس اہم ایجاد کی کراؤڈ فنڈنگ مہم شروع کی  ہے جس کے بہترین ڈیزائن کو بنانے میں دو سال کا عرصہ لگا ہے۔ فی الحال کمپنی نے اس کا عملی نمونہ(پروٹوٹائپ) بنانے کا اعلان ہی کیا ہے۔

اس میں ایک حساس مائیکروفون اور طاقتور پروسیسر نصب ہے جو بولے جانے والے الفاظ کو فوری طور پر ٹٰیکسٹ میں بدلتا ہے۔ اس میں شور کینسل کرنے والا خودکار نظام موجود ہے جبکہ عینک کے ایک عدسے میں الفاظ ابھرتے رہتے ہیں اور حقیقی وقت میں سماعت سےمحروم افراد یہ جان سکتے ہیں کہ آخر سامنے بیٹھا شخص کیا بول رہا ہے۔

 

وائسی عینک پروسیسر اینڈروئڈ طرز کا ہے جبکہ اندر ایک ٹچ پیڈ ہے جو تمام آپشن کا مکمل کنٹرول فراہم کرتا ہے۔ جہاں تک بیٹری کا سوال ہے تو اسے خاص طور پر ڈیزائن کرکے لیتھیئم پالیمر بیٹری کی شکل میں ڈھالا گیا ہے۔ 100 گرام وزنی ہلکی پھلکی اسمارٹ عینک فی الحال پانچ زبانوں کو سن کر اس کے الفاظ کو عینک پر ظاہر کرتی ہے جس سے دنیا کے کروڑوں انسان فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد اسمارٹ عینک 24 گھنٹے تک چلتی رہتی ہے۔ اس کی تعارفی قیمت 540 امریکی ڈالر رکھی گئیے اور یہ اگلے سال اکتوبر تک عام فروخت کےلیے پیش کردی جائے گی۔