خیبرپختونخوا حکومت کا ایک اور انقلابی اقدام، انصاف فوڈ کارڈ جاری کرنیکی منظوری

پشاور:خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ نے صحت انصاف کار ڈ کی کامیابی اور بہترین کارکردگی کی طرز پرعوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک اورانقلابی قدم اٹھاتے ہوئے انصاف فوڈ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

صحت کارڈ کے بعدخیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے انصاف فوڈ کارڈ میں بھی پہل کی اور مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام کو ریلیف دیاجس کے تحت مستحق گھرانوں کو ماہانہ2100روپے سبسڈی دی جائے گی جس سے 50لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ اس پر مجموعی لاگت تقریباً26 بلین روپے آئے گی جو سبسڈی کی مد میں حکومت خیبر پختونخوا برداشت کرے گی۔

مجوزہ سکیم کی مستحقین کے انتخاب کیلئے احساس پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا۔مذکورہ کارڈکے اجراء کیلئے بینک آف خیبر کے ساتھ معاہدہ کرکے اے ٹی ایم کی طرز پرکارڈ جاری کیا جائے گا جس پر عملی اقدامات جولائی2022ء سے ہوں گے۔

یہ بات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ محمد علی سیف نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کا 71واں اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کابینہ کے اراکین،چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے میڈیا کو بتایا کہ کابینہ نے سال 2022-23ء کیلئے گندم کی خریداری اور ذخیرہ کرنے کی مقدار1.2ملین میٹرک ٹن سے بڑھا کر 1.4ملین میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دی تاکہ فلورملز کو گندم کی سپلائی کی فراہمی جاری رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ملز کو مئی، جون اور جولائی کے مہینوں میں بھی گندم کی فراہمی جاری رہے گی تاکہ صوبے میں آٹا کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

صوبائی کابینہ نے 7ہزارمساجد کی سولرائزایشن کی بھی منظوری دی جس میں 5ہزار مساجد بندوبستی اضلاع جبکہ 2ہزار مساجد ضم اضلاع کے ہوں گے۔

صوبائی کابینہ نے محکمہ اوقاف کی 268 کینال 10مرلہ اراضی کی پرائیویٹ لیز کو منسوخ کرتے ہوئے مذکورہ اراضی محکمہ سپورٹس کو ضلع ایبٹ آباد میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے لیز پر دینے کی منظوری دیدی ہے۔

صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا سٹیلمنٹ آپریشنز اور ریونیو اکیڈیمی کے ملازمین کی ملازمت کی ریگولرائزیشن کی منظوری کے مسودہ قانون2022کی بھی منظوری دیدی ہے۔

صوبائی کابینہ نے گریڈ۔20کے آفیسر مطہر ذیب کمشنر ہزارہ ڈویژن کو بطور ممبربورڈ/ڈائریکٹر پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ نامزدگی کی بھی منظوری دی۔

صوبائی کابینہ نے ضم اضلاع میں عارضی طور پر متاثر ہونے والے(TDPs) کی بحالی و تعمیر نو کیلئے کئے جانے والے مفاہمتی یاداشت میں جون2023 تک توسیع کرنے کی منطوری دیدی ہے۔

 اس پراجیکٹ کے ذریعے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، سکولوں کی تعمیر، سکولوں میں لیبارٹریز کا قیام، طبی مراکز کا قیام، طبی آلات و سہولیات کی بہتری کیلئے شرو ع کئے گئے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی کابینہ نے ٹیکسٹ بک بورڈ میں دو ممبران کی خالی پوسٹوں ممبر ایڈیٹوریل اینڈ پروڈکشن اور ممبر سیلز اینڈ پروڈکشن کیلئے بالترتیب عبدلولی خان اورڈاکٹر سمیرہ تاج کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔