کراچی: این آئی سی ایچ کراچی میں دو بچے وائرل انفیکشن اور پھوڑوں کی شکایت کےساتھ لائے گئے ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کی علامات فی الحال نہیں پائی گئی تاہم ٹیسٹ کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ شعبہ ایمرجنسی ڈاکٹر حیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی سی ایچ کراچی میں دو بچے زیر علاج ہیں، بچے وائرل انفیکشن اورپھوڑوں کی شکایت کےساتھ لائے گئے۔
ڈاکٹرحیات کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کی علامات فی الحال نہیں پائی گئی ہیں تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر آئسولیشن وارڈ میں رکھاگیا ہے، ٹیسٹ کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ پاکستان میں منکی پاکس کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، سوشل میڈیا پر افواہیں اور خبریں بے بنیاد ہیں،ا صورتحال کو مستقل مانیٹر کیا جارہا ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز قومی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ مختلف ممالک میں منکی پاکس کے 92 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں ، منکی پاکس زونوٹک وائرس سےلاحق ہونے والامرض ہے ، افریقی چوہے اور بندر منکی پاکس کےانسانوں میں منتقلی کاسبب بن رہے ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا تھا کہ منکی پاکس کی علامات 1سے 3 روز میں ظاہرہوتی ہیں اور اس سے مریض کے چہرے، جلد پر سرخ نشانات ظاہر ہوتے ہیں، بخار، سر، پٹھوں کا درد منکی پاکس کی اہم علامات ہیں۔