اسلام آباد: سال دوہزار بائیس میں بھی پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عہد پورا نہ ہوسکا، صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان سے چوتھا پولیو کیس رپورٹ ہوگیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت مطابق پاکستان سے یہ پولیو کا چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس سال تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ پولیو کی جاری مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، میڈیا، سول سوسائٹی، علماء کرام عوام میں آگاہی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، پولیو کے دو قطرے ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پورے ملک میں تئیس مئی سے پولیو کی مہم جاری ہے، پولیو کے قطرے پلانا اور بچوں کو بیماری سے بچانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے، پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔
ایک ہفتے کے دوران شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے، اس سے قبل شمالی وزیرستان کے ایک سالہ بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اپریل میں بھی دو پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن کا تعلق بھی شمالی وزیرستان سے ہی تھا۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایک اور بچہ عمر بھر کے لیے ایسی بیماری سے معذور ہوگیا جس کا تدارک ممکن ہے، بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ نہ ہونا ایک بہت بڑا المیہ ہے، ایک بھی کیس ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔