بیجنگ: انڈہ دل کے لیے مفید ہے یا مضر؟ یہ ایک طویل بحث ہے لیکن اب بعض شواہد ملے ہیں کہ روزانہ ایک انڈہ کھانا دل کے لیے بہتر ہوتا ہے اور امراضِ قلب کو دور کرسکتا ہے۔
ای لائف نامی تحقیقی جرنل میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق روزانہ ایک انڈہ کھانا دل کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔ اس ضمن میں 2018 میں چین میں پانچ لاکھ لوگوں پر تحقیق کی گئی تھی۔ اس سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک انڈہ کھانے سے جسم میں امراضِ قلب کی وجہ بننے والے بایومارکرز میں کمی ہوتی ہے۔ تاہم ماہرین نے اس پر مزید تحقیق کا کہا تھا۔
اب پیکنگ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس ضمن میں ایک نئی تحقیق کی ہے جسے سروے کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے چین کے بایو بینک میں موجود 4778 افراد کا ڈیٹا دیکھا جن میں 3401 افراد کو دل کا عارضہ لاحق تھا اور باقی 1377 تندرست تھے۔ سائنسدانوں نے ’ٹارگیٹڈ نیوکلیئر میگنیٹک ریزونینس‘ نامی قدرے نئی ٹیکنالوجی سے ان کے خون میں ایک دو نہیں بلکہ 225 میٹابولائز (جسمانی استحالے کے کیمیکل) اور پلازمہ لیا۔ یہ سب اشیا خون سے کشید کی گئی تھیں۔ معلوم ہوا کہ 24 شناخت شدہ میٹابولائٹس کا تعلق انڈے کھانے سے جڑا تھا اور شرکا نے انڈے کھانے کاعتراف بھی کیا۔
انڈے کھانے والے افراد کے جسم میں ایک پروٹین apolipoprotein A1 زیادہ تھا جو ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کا بنیادی جزو ہے اور اسے ’اچھا‘ کولیسٹرول کہا جاتا ہے۔ پھر جن افراد نے انڈے نہیں کھائے یا کم کھائے تھے تو ان میں بھی ان کے جسم میں مفید میٹابولائٹس کی تعداد کم تھی اور انڈے کھانے والے افراد میں ان کی کافی مقدار دیکھی گئی تھی۔
اس طرح انڈوں سے وابستہ 14 ایسے میٹا بولائٹس یا کیمیائی اجزا دیکھے گئے جو مفید ہوتے ہیں اور امراضِ قلب روکنے کی صلاحیت رکھتےہیں۔
ماہرین نے اس تحقیق کے بعد چینی حکومت سے کہا ہے کہ وہ انڈے کو عوام کی خوراک کا حصہ بنانے والی پالیسی میں شامل کریں۔ ان کے مطابق چینی عوام کی اکثریت روزانہ ایک انڈہ بھی نہیں کھاتی جو بہت ضروری ہے۔