اسلام آ باد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کردکھایا ہے، صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
خیبرپختونخوا میں 100 موبائل اسٹورز پرشہبازسپیڈ کے تحت 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخوا صوبے کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر خیبرپختونخوا میں 100 موبائل اسٹورز نے کام شروع کردیا ہے جہاں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ 17 جون تک خیبر پختونخوا میں ان عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی جبکہ سستے آٹے کی فروخت کے 993 مقامات کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ بتدریج پورے خیبرپختونخوا میں پھیلایا جائے گا۔
ان کے مطابق اب تک ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں جبکہ زونز میں الگ الگ موبائل اسٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔
ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے جبکہ پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے گئے ہیں۔
13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد 200 کردی جائے گی 17 جون تک 500 عارضی سیل پوائنٹس قائم کئے جائینگے۔
زونل منیجر یوٹیلٹی سٹور سید مہتاب بنوری نے کہا ہے کہ 1200 اسٹورز پہلے ہی کام کر رہے ہیں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق مزید1000 نئے اسٹورز جلدی کھول دیے جائیں گے۔
عام سٹورز اور موبائل اسٹور ان علاقوں میں کام کریں گے جہاں یوٹیلیٹی سٹورز کی پہلے سے سہولت موجود نہیں خیبر پختونخوا کے دیہاتی اور پسماندہ علاقوں کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 400 روپے کا دس کلو آٹا اور 800 روپے کا 20 کلو آٹا شناختی کارڈ کے ذریعے ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔