پشاور: نان بائیوں کی روٹی قیمت بڑھانے کیلئے ہڑتال،شہر بھر کے تندور آج بند

پشاور میں نان بائیوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے،گیس کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے تناظر میں روٹی کی قیمت بڑھانے کیلئے آج شٹر ڈاون کا اعلان کیا ہے،جس کے باعث شہر بھر میں تندور آج بند ہیں۔

خیبرپختونخوا نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق  80 کلو آٹے کا تھیلہ 7 ہزار 200 روپے سے بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں مالی مشکلات  کا سامنا ہے۔

صدر نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دیں یا آٹے کی قیمت کم کریں لیکن جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی مذاکرات کیے گئے  جس پر فیصلہ کیا گیا کہ نان بائی آج پشاور میں روٹی کی قیمت نہ بڑھنے کے خلاف تندور بند رکھیں گے۔

نان بائیوں  نے 120 گرام  روٹی کی قیمت 20  روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کرتےہوئے کہا ہےکہ اگر ضلعی انتظامیہ مذاکرات نہیں کرتی تو نہ کرے، ہم  مزید نقصان برداشت نہیں کرسکتے، پھر ہڑتال کی جائے گی اور روٹی نہیں ملے گی، تمام تندور بھی بند ہوں گے۔