معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی 3 سال بعد ایک بار پھر اپنے نئے گانے کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوگئی ہے جس پر ان کے مداح خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔
آئندہ ہفتے ریلیز ہونے والی بھارتی پنجابی فلم ’لوَر‘ کے لیے گایا گیا گانا ’رنگریزہ‘ گزشتہ روز یوٹیوب پر ریلیز کے ساتھ ہی پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں ٹرینڈ کرنے لگا، خاص طور پر بھارتی شائقین سپر اسٹار کی واپسی پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔
عاطف اسلم کا یہ نیا گانا ریلیز کے بعد 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں یوٹیوب پر 20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
پاکستانی گلوکار کے بھارتی مداحوں نے ٹوئٹر پر اس گانے اور عاطف اسلم کی واپسی کو بھرپور انداز میں سراہا، اس گانے کا ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر مسلسل ٹرینڈ کررہا ہے۔