کبھی بہو کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کی: اداکارہ پروین اکبر

پاکستانی کی سینئر اداکارہ پروین اکبر کا کہنا ہے کہ بچوں کی تربیت کیلئے کبھی بہو کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کی۔

اداکارہ پروین اکبر حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے دیگر موضوعات کے ساتھ ساتھ اپنے نجی زندگی پر بھی بات کی۔ ​​​​​​​

دوران شو ایک سوال کے جواب میں پروین اکبر نے بتایا کہ ’ میں کبھی بہوؤں اور ان کے بچے کے معاملے میں دخل اندازی نہیں کرتی، اگر بچہ کبھی شیطانی بھی کرے تو بہو کو کہتی ہوں کہ جاؤ اس کو سدھارو، وہ اگر کہیں کہ آپ ڈانٹ دیں تو میں اسے یہ کہہ کر انکار کردیتی ہوں کہ میں نے کوئی اسکول نہیں کھولا ہوا یہ تمہارا کام ہے میرا کام نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ’اگر میرے شوہر بھی پوتے  کو ڈانٹ سے بچانا چاہیں تو میں انہیں منع کردیتی ہوں‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں سخت مزاج ہوں اور میرا بیٹا بھی میری طرح سخت طبیعت کا ہے، اس کے بچے اس سے بہت ڈرتے ہیں جب کہ میری بہو نرم مزاج ہے‘۔

واضح رہے کہ سینئر اداکارہ پروین اکبر  کے تین بچے ہیں، ان کی بیٹی اداکارہ ربیعہ کلثوم  اور داماد اداکار ریحان نظامی ہیں جب کہ ان کے بیٹے  اداکارمحمد فیضان شیخ اور   بہو  اداکارہ ماہم عامر ہیں۔