ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کا شمار ان اسٹارز میں کیا جاتا ہے جو سیاست میں نہ صرف گئے بلکہ باقاعدہ انتخابات میں بھی حصہ لیا۔
تاہم شوبز سے سیاست کی جانب سفر کے دوران ارمیلا کے ساتھ کیا واقعات پیش آئے اور انہیں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا حال ہی میں اداکارہ نے اس پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
ارمیلا کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے سیاست میں جانے کا فیصلہ کیا تھا اس کو بہت سے لوگوں نے ’عجیب نظر‘ سے دیکھا تھا، سیاست میں جاتے ہی ان کے بارے میں عجیب عجیب تبصرے شروع ہو گئے کہ جن کو سن کر حیرت ہوتی تھی جبکہ ایسے تبصروں کا سلسلہ اب تک بھی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاید ایسا اس لئے ہوا کہ وہ اداکارہ ہیں خوبصورت اور گلیمرس بھی ہیں اس لئے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ گونگی اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے عاری ہیں اور سیاست کا حصہ نہیں بن سکتی کیونکہ ایک اداکارہ ہیں۔
ارمیلا نے کہا کہ اگر آپ ایک مرد اداکار ہیں تو ہو سکتا ہے آپ کے ساتھ ایسا نہ ہو۔ ارمیلا ماٹونڈکر نے یہ بھی بتایا کہ میڈیا جس انداز میں ان کی الیکشن مہم کو کور کرتا تھا وہ خود اسی کا مذاق اڑانے کے لیے کافی تھا جبکہ آج بھی حالات میں کچھ زیادہ تبدیلی نہیں آئی۔
انہوں نے سیاست میں حصہ لینے والی دیگر خواتین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کو بھی ایسی صورت حال کا سامنا رہا تاہم مجھے زیادہ اس لیے کرنا پڑا اور میرے خیال میں اس کی وجہ یہ ہے کہ میرا تعلق شوبز سے تھا اور میں خاتون ہوں۔‘
ارمیلا نے بتایا کہ ان کے شوہر جوکہ ایک مسلمان بزنس مین ہیں انہوں نے سیاست میں جانے کے بعد سے لے کر اب تک ان کا ہرقدم پر ساتھ دیا جو کہ ان کے لیے حیران کن تھا۔
یاد رہے کہ شوبز سے دوری اختیار کرنے کے بعد ارمیلا ماٹونڈکر نے 2019 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور اسی سال ہی لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
تاہم الیکشن ہارنے کے بعد اسی سال انہوں نے کانگریس سے استعفٰی دے دیا تھا اور دسمبر 2020 میں شیو سینا کا حصہ بن گئی تھیں، اب جلد ہی اداکارہ ایک بھارتی ٹی وی ریئلٹی شو ’ڈانس انڈیا ڈانس سپر مومز‘ میں بطور جج فرائص نبھاتی نظر آئیں گی۔