نیویارک: پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے جمائمہ گولڈ اسمتھ کی فلم سے ہالی ووڈ میں ڈیبیو دیا ہے جس کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنی فلم’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے ہالی ووڈ کی پروڈیوسر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ ’ ‘پیار میں گرنے سے بہتر ہے کہ پیار کر لیا جائے۔ وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ کا آفیشل ٹریلر دیکھیں۔‘
رومانوی نوعیت کی اس فلم میں پاکستانی اور برطانوی رسم و رواج کو فلمایا گیا ہے اس فلم کی کہانی ایک پاکستانی اور برطانوی خاندان کے گرد گھومتی ہے جنھیں رشتے کی تلاش ہے، فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اور برطانوی ثقافت کا خوبصورت امتزاج دکھایا گیا ہے۔
یہ سجل علی کی پہلی بین الاقوامی فلم ہے جس میں ان کے علاوہ لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ عظمی، عاصم چودھری اور ایما تھومپسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ نے اس فلم کو لکھا ہے اور وہی اس کی پروڈیوسر بھی ہے جبکہ بھارتی ہدایتکار شیکھر کپور نے فلم کی ہدایات دی ہیں۔
سجل علی کی یہ فلم 27 جنوری 2023 کو برطانیہ میں سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سجل ایک ورسٹائل اداکارہ ہیں جو اس سے قبل بھی پڑوسی ملک کی فلم ’موم ‘ میں نوازالدین صدیقی، اکشے کھنہ اور سری دیوی کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔