ترکے میں ملا عام سا گلدان 80 لاکھ یورو میں فروخت

فرانس میں ایک عام سے چینی گلدان کی نیلامی ہوئی، جس کا تخمینہ 2 ہزار پاؤنڈ لگایا گیا تھا لیکن یہ گلدان 80 لاکھ یورو میں فروخت ہوا کیونکہ خریداروں کا خیال تھا کہ یہ 18ویں صدی کا نایاب گلدان ہے۔

پیرس میں نیلامی کرنے والے اس وقت حیران رہ گئے جب 30 کے قریب چینی خریدار مستقل بولیاں لگاتے رہے، یہاں تک کے 77 لاکھ یورو کی آخری بولی لگائی گئی۔

حکومتی فیس کی ادائیگی کے بعد گلدان کی قیمت 91 لاکھ 20 ہزار یورو ہوگئی تھی۔

یہ پورسیلین کا گلدان ایک خاتون نے نیلامی کے لیے پیش کیا تھا جن کی والدہ انہیں ترکے میں دے کر مری تھیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گلدان نیلام کرنے والی خاتون نے بھی 54 سینٹی میٹر کے اس گلدان کو نہیں دیکھا بلکہ انہوں نے اپنی مرحوم والدہ کے گھر سے اس کو پیرس میں نیلامی کے لیے بھیجنے کے انتظامات کیے تھے۔

نیلام گھر نے کہا کہ یہ بیسویں صدی ہی کا گلدان ہے اور خاصہ عام ہے اس میں کوئی خاص بات نہیں لیکن خریدار اس بات پر مصر رہے کہ یہ 18ویں صدی کا نایاب گلدان ہے اور انہوں نے لاکھوں یورو کی بولیاں لگائیں۔