اژدھا نے بچے کو دبوچ لیا

کینبرا: آسٹریلیا میں 10 فٹ لمبا اژدھا 5 سال کے بچے کو جکڑ کر سوئمنگ پول میں لے گیا۔ آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلزکے علاقے بائرن بے کے ایک گھرمیں سوئمنگ پول کے قریب کھیلتے 5 سالہ بچے کو چھوٹی گاڑی کے سائز کے برابر جسامت رکھنے والے اژدھے نے ڈسنے کے بعد جکڑ لیا اور کھینچتا ہوا سوئمنگ پول میں لے گیا۔

بچے کے 75 سالہ دادا نے صورتحال دیکھ کر سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا دی اور بچے کو گھیسٹ کر سوئمنگ پول سے نکالا۔ اس دوران اژدھا بچے کے جسم سے لپٹا رہا۔بچے کے والد اور دادا بہت مشکل سے بچے کو اژدھے کے چنگل سے چھڑانے میں کامیاب ہوئے۔ بچے کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنگل گھر کے بالکل ساتھ واقع ہے اوراژدھا کسی جانور کو شکار کرنے کے لیے گھات لگائے بیٹھا تھا کہ بچہ وہاں پہنچ گیا۔

سانپ کے ڈسنے اور جکڑنے سے زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش ہے۔