پی ڈی ایم جماعتوں کو نئے ملک گیر انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے،بیرسٹرسیف

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بھان متی کا کنبہ گہرے بھنور میں پھنس چکا ہے، امپورٹڈ حکومت کو نئے انتخابات کرانے پڑیں گے کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔

 اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاکہ پی ڈی ایم جماعتوں کو نئے ملک گیر انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے، امپورٹڈ حکومت کے پاس نئے انتخابات کرانے کے علاوہ آپشن بھی نہیں کیونکہ جب دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو 27 کلومیٹر پر محیط ناجائز مینڈیٹ سے قائم کنٹینرستان حکومت بھی قائم نہیں رہ پائے گی۔

 انہوں نے کہاکہ بھان متی کا کنبہ پی ڈی ایم جماعتوں کی امپورٹڈ حکومت گہرے بھنور میں پھنس چکی ہے کیونکہ عمران خان کی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد اس حکومت کے پاس نئے ملک گیر انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا ہے۔ 

معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے تمام ایم پی ایز،وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں متحد ہیں اور پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حکم دیں گے خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔