پشاور: سرکاری ہیلی کاپٹر کو نجی مقاصد کے استعمال کے لیے بل کے پی اسمبلی میں پیش کردیا گیا، اس قانون کے تحت 2008ء سے نجی مقاصد کے لیے استعمال ہیلی کاپٹر کے بارے میں کے پی حکومت سے پوچھ گچھ نہیں کی جاسکے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزراء کی تنخواہوں و مراعات و استحقاق بل 2022ء کا ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ترمیمی بل میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی شق میں مزید ترامیم کی گئی ہیں، حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر یا جہاز اب نجی مقاصد کے لیے کرائے پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
نجی مقاصد کے لیے کرائے پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے اجازت لینی ہوگی، ہیلی کاپٹر یا جہاز کے کرائے کا تعین حکومت وقتا فوقتا کرتی رہے گی، وزیر اعلی، وزراء اور سرکاری افسران ضرورت پڑنے پر اپنے معاونین کے علاوہ دیگر افراد بھی ہوائی سفر پر ساتھ لے جاسکیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے تحت یکم نومبر 2008ء سے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال درست تصور ہوگا، ترمیم کے تحت یکم نومبر 2008ء کے بعد سے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر صوبائی حکومت سے کوئی سوال نہیں ہوگا۔