نئی دہلی:تاج محل کی تاریخ مسخ کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی، تاج محل کی تاریخ دوبارہ لکھنے کی درخواست پر بھارتی سپریم کورٹ نے بی جے پی کو مایوس کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی تاج محل کو مسخ کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے تاج محل کی تاریخ دوبارہ لکھنے کی درخواست خارج کر دی۔
بھارتی سپریم کورٹ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے کہا تاج محل 400سالوں سے جہاں ہے، اس کو وہاں ہی رہنے دیں،جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس سی ٹی روی کمار پر مشتمل بینچ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں تاریخ کو دوبارہ کھولنے کے لیے نہیں بیٹھے ہیں، تاریخ کو جاری رہنے دیا جائے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تاریخ کی کتابوں میں تاج محل سے متعلق غلط حقائق درج ہیں، اس لیے تاریخ اور نصاب کی کتابوں سے تاج محل سے متعلق مبینہ غلط تاریخی حقائق کو نکال دینے کا حکم دیا جائے۔