برطانیہ کے خود مختار جزیرے جرسی میں زوردار دھماکا ہوا جس میں اب تک ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور دو زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا یے جب کہ 12 افراد لاپتہ ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے خود مختار جزیرے جرسی کے ایک تین منزلہ عمارت میں دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ تین منزلہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ریسکیو اداروں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ جائے وقوعہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جب کہ دو شدید زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ 12 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ امدادی کارکنوں نے رہائشی عمارت سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
واضح رہے کہ جرسی برطانیہ اور فرانس کے درمیان واقع ایک جزیرہ ہے جس میں صرف ایک لاکھ افراد رہتے ہیں اور یہ برطانوی بادشاہ کے ماتحت ایک خود مختار علاقہ ہے۔