ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ چین کے صدر کا دورہ اور تجارتی معاہدوں کا یہ مطلب نہیں کہ امریکہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیگ آف عرب اسٹیٹس کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الحجراف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی بھی ہتھیاروں کے مسئلے سے زیادہ گہرے ہیں تاہم سعودیہ کثیر الجہت تعاون اور تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین کے ساتھ تجارتی تعلقات اور تعاون ضروری ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کی پہلی سب سے بڑی معیشت امریکہ کے ساتھ تعلقات نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے چین اور امریکہ دونوں کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں اور ہم ان کے حصول کے لیے دونوں کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ اور چین کے علاوہ بھارت، جاپان اور جرمنی کے ساتھ بھی تزویراتی شراکت داری ہے۔ ہم اپنی پالیسیاں اپنے مفادات کے مطابق بناتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین-عرب تعاون فورم آج کا نہیں بلکہ 2004 سے قائم ہے۔ چینی صدر کے دورے کو امریکہ سے دوری یا وقتی تناو قرار نہ دیا جائے۔#/s#